جمعرات، 19 نومبر، 2026

(ایک شخص تنہا صف کے پیچھے کھڑا ہوتوکیاحکم ہے)

 السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ تعالیٰ و برکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام مسئلہ ھذا میں کہ زید آیا تو صف مکمل ہوچکی تھی پس زید صف میں اکیلا کھڑا ہوگیا اورنماز پوری کرلی اب دریافت طلب امر  یہ ہے کہ زید کے اکیلا صف میں کھڑے ہونے سے نماز مکمل ہوئی یا نہیں‌ اور اگر نماز مکمل ہوئی تو ثواب جماعت کا ملے گا یا ثواب میں کمی ہوگی؟جواب سے نوازیں اور شکریہ کا موقع فراہم فرمائیں عین نوازش ہوگی۔

المسثفتی: محمد سجاد عالم رضوی کوٹہ راجستھان

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب

  اگر کوئی شخص اس وقت جماعت میں شامل ہونے کے لیے آئے جب صف دونوں طرف سے مکمل ہوچکی ہو، تو اسے چاہیے کہ رکوع تک انتظار کرے، شاید کوئی دوسرا شخص آجائے اور اس کے ساتھ صف بنا لے۔

اگر کوئی دوسرا شخص نہ آئے تو اگلی صف سے کسی ایسے شخص کو پیچھے کھینچ لے جو اس مسئلے سے واقف ہو اور اس کے پیچھے آنے کی وجہ سے اس کی نماز میں کوئی خلل واقع نہ ہو۔

اور اگر کوئی ایسا شخص نہ ملے تو وہ تنہا ہی صف میں کھڑا ہوکر نماز ادا کرے۔ اس صورت میں اس کی نماز درست ہوجائے گی اور جماعت کا ثواب بھی حاصل ہوگا۔

        بدائع الصنائع میں ہے:’’وينبغي اذا لم يجد فرجة ان ينتظر من يدخل المسجد ليصطف معه خلف الصف، فان لم يجد احدا وخاف فوت الركعة جذب من الصف الى نفسه من يعرف منه علما وحسن الخلق لكي لا يغضب عليه، فان لم يجد يقف حينئذ خلف الصف بحذاء الامام‘‘ ترجمہ:مقتدی جب اگلی صف میں جگہ نہ پائے، تو اسے چاہیے کہ کسی کے مسجد میں داخل ہونے کا انتظار کرے تاکہ اس کے ساتھ پچھلی صف میں کھڑا ہو سکے، پس اگر کوئی بھی نہ ملے اور رکعت کے فوت ہونے کا خوف ہو، تو اگلی صف میں سے کسی ایسے شخص کو کھینچ لے جو مسئلہ جاننے والا اور خوش اخلاق ہو، تا کہ وہ دوسرا شخص کھینچنے والے پر غصہ نہ کرے، پس اگر ایسا شخص بھی نہ پائے، تو اس صورت میں امام کے پیچھے تنہا کھڑا ہو جائے۔‘‘(بدائع الصنائع، کتاب الصلوة، باب بیان ما یستحب فی الصلوة وما یکرہ، جلد 1، صفحہ ۲۱۸، مطبوعہ بیروت)

        فتاوی فقیہ ملت میں اسی طرح کے سوال کے جواب میں ہے: ’’اگر پہلی صف پُر (مکمل )ہو چکی ہے، تو آنے والا شخص دوسرے کے آنے کا انتظار کرے، اگر کوئی نہیں آیا اور امام رکوع میں چلا گیا، تو وہ صفِ اول سے جو اس مسئلہ کا جانکار ہو، کھینچ کر دوسری صف میں اپنے ساتھ ملا کر کھڑا ہو جائے اور اگر ایسا شخص نہیں جو اس مسئلہ کا جانکار ہو، تو وہ اکیلے امام کی سیدھ میں کھڑا ہو سکتا ہے اور اگر بلا عذر بھی اکیلے کھڑا ہو جائے، تو بھی نماز ہو جائے گی۔‘‘(فتاوی فقیہ ملت، جلد ۱، صفحہ ۱۵۷، مطبوعہ شبیر برادرز، لاھور)واللّٰه تعالیٰ ورسوله ﷺ أعلم بالصواب 

کتبه: عبد الوکیل صدیقی نقشبندی بینگٹی پھلودی راجستھان 

خادم: الجامعۃ المظھریۃ فلودی راجستھان الھند 

۷ جمادی الاخری ۱۴۴۸ھ

۱۸ نومبر ۲۰۲۶ء

بروز بدھ

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only