منگل، 31 دسمبر، 2024

(والدین کے بلانے پر نہ جانا کیا سب سے بڑا گناہ ہے؟)

 (والدین کے بلانے پر نہ جانا کیا سب سے بڑا گناہ ہے؟)

السلا م علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائےکرام اس مسئلہ میں کہ کوئی ایسی حدیث ہے کہ سب سے بڑا گناہ وہ ہےکہ ماں باپ بلائیں اوربیٹا کہے کہہ دے کہ میرےپاس ٹائم نہیں ہے۔ بینوا و توجروا
المستفتی:۔ شاہد رضا قادی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

  ایسی کوئی بھی حدیث پاک نہیں ہے جو والدین کی نافرمانی کو سب سے بڑے گناہ سے تعبیر کیا گیا ہو البتہ والدین کی نافرمانی گناہ کیبرہ ضرور ہے اور اس پر کئی احادیث مبارکہ دال ہیں ان میں سے کچھ حدیثیںپیش کی جاتی ہیں۔

(۱)عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي بَكْرَةَ ، ‌‌‌‌‌‏عَنْ أَبِيهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، ‌‌‌‌‌‏قَالَ:‌‌‌‏ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:‌‌‌‏ أَلَا أُنَبِّئُكُمْ بِأَكْبَرِ الْكَبَائِرِ ؟قُلْنَا:‌‌‌‏ بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ:‌‌‌‏ الْإِشْرَاكُ بِاللَّهِ وَعُقُوقُ الْوَالِدَيْنِوَكَانَ مُتَّكِئًا فَجَلَسَ، ‌‌‌‌‌‏فَقَالَ:‌‌‌‏ أَلَا وَقَوْلُ الزُّورِ وَشَهَادَةُ الزُّورِ، ‌‌‌‌‌‏أَلَا وَقَوْلُ الزُّورِ وَشَهَادَةُ الزُّورِفَمَا زَالَ يَقُولُهَا حَتَّى قُلْتُ:‌‌‌‏ لَا يَسْكُتُ‘‘ عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ نے اور ان سے ان کے والدرضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیان کیا کہ  رسول اللہ  ﷺ  نے فرمایا: کیا میں تمہیں سب سے بڑا گناہ نہ بتاؤں؟ ہم نے عرض کیا ضرور بتائیے یا رسول اللہ! آپ  ﷺ  نے فرمایا کہ اللہ کے ساتھ شرک کرنا اور والدین کی نافرمانی کرنا۔ نبی کریم  ﷺ  اس وقت ٹیک لگائے ہوئے تھے اب آپ سیدھے بیٹھ گئے اور فرمایا آگاہ ہوجاؤ جھوٹی بات بھی اور جھوٹی گواہی بھی  (سب سے بڑے گناہ ہیں)  آگاہ ہوجاؤ جھوٹی بات بھی اور جھوٹی گواہی بھی۔ نبی کریم  ﷺ  اسے مسلسل دہراتے رہے اور میں نے سوچا کہ نبی کریم  ﷺ  خاموش نہیں ہوں گے۔(صحیح بخاری کتاب الادب کا بیان)

(۲)عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو، ‌‌‌‌‌‏عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، ‌‌‌‌‌‏قَالَ:‌‌‌‏ الْكَبَائِرُ:‌‌‌‏ الْإِشْرَاكُ بِاللَّهِ، ‌‌‌‌‌‏وَعُقُوقُ الْوَالِدَيْنِ، ‌‌‌‌‌‏أَوْ قَالَ:‌‌‌‏ الْيَمِينُ الْغَمُوسُشَكَّ شُعْبَةُ، ‌‌‌‌‌‏وَقَالَ مُعَاذٌ ، ‌‌‌‌‌‏حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، ‌‌‌‌‌‏قَالَ:‌‌‌‏ الْكَبَائِرُ:‌‌‌‏ الْإِشْرَاكُ بِاللَّهِ، ‌‌‌‌‌‏وَالْيَمِينُ الْغَمُوسُ، ‌‌‌‌‌‏وَعُقُوقُ الْوَالِدَيْنِ، ‌‌‌‌‌‏أَوْ قَالَ:‌‌‌‏ وَقَتْلُ النَّفْسِ‘‘عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیان کیا کہ  نبی کریم  ﷺ  نے فرمایا کبیرہ گناہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، والدین کی نافرمانی کرنا یا فرمایا کہ ناحق دوسرے کا مال لینے کے لیے جھوٹی قسم کھانا ہیں۔ شک شعبہ کو تھا اور معاذ نے بیان کیا، ان سے شعبہ نے بیان کیا، کہا کبیرہ گناہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، کسی کا مال ناحق لینے کے لیے جھوٹی قسم کھانا اور والدین کی نافرمانی کرنا یا کہا کہ کسی کی جان لینا۔(صحیح بخاری حدیث نمبر ۶۸۷۰)

نوٹ :۔سب سے بڑا گناہ شرک ہے یعنی ذاتِ و صفاتِ باری تعالی میں کسی کو شریک ٹھہرانا اور اسکی بندگی کرنا ۔واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد ابراہیم خاں امجدی

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only