بدھ، 22 جنوری، 2025

(قبلہ کی طرف پیٹھ کرکے پیشاب کرناکیساہے؟)

(قبلہ کی طرف پیٹھ کرکے پیشاب کرناکیساہے؟)

 السلامُ علیکم و رحمتہ اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ  قبلہ کی طرف پیٹھ کر کے پیشاب وغیرہ کرنا کیسا ہے؟ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی
 مستفتی محمد یوسف رضا فیضی۔ (جھارکھنڈ)

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاتہ
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب

 قبلہ کی طرف منہ کرکے  پاخانہ یا پیشاب کرنا مکروہِ تحریمی (ناجائز) ہے،  اس میں کعبۃ اللہ کی بے حرمتی ہے؛ لہذا اس سے بچنا لازم ہے  جیسا کہ حدیث شریف  میں ہے" عن أَبِي أَيُّوبَ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِذَا أَتَيْتُمْ الْغَائِطَ فَلَا تَسْتَقْبِلُوا الْقِبْلَةَ وَلَا تَسْتَدْبِرُوهَا بِبَوْلٍ وَلَا غَائِطٍ وَلَکِنْ شَرِّقُوا أَوْ غَرِّبُوا قَالَ أَبُو أَيُّوبَ فَقَدِمْنَا الشَّامَ فَوَجَدْنَا مَرَاحِيضَ قَدْ بُنِيَتْ قِبَلَ الْقِبْلَةِ فَنَنْحَرِفُ عَنْهَا وَنَسْتَغْفِرُ اللَّهَ°
 حضرت ابوایوب سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جب تم رفع حاجت کے لئے جاؤ پیشاب یا پاخانہ کے لئے تو نہ قبلہ کی طرف منہ کرو اور نہ پیٹھ البتہ مشرق یا مغرب کی طرف منہ کرو حضرت ابوایوب  انصاری (رضی اللہ عنہ) فرماتے ہیں کہ ہم ملک شام گئے تو ہم نے وہاں بیت الخلاء قبلہ رخ بنے ہوئے پائے ہم قبلہ سے پھرجاتے تھے اور اللہ تعالیٰ سے مغفرت مانگتے تھے۔(صحیح بخاري كتاب الصلاة باب قبلة أهل المدينة وأهل الشام والمشرق، وصحيح مسلم كتاب الطهارة، باب الاستطابة)

اور در مختار مع ردالمحتار میں ہے "(كما كره) تحريمًا (استقبال قبلة واستدبارها ل) أجل (بول أو غائط) اھ یعنی:پیشاب اور پاخانہ کے لئےقبلے کی طرف رخ کرنا یا اس کی طرف پیٹھ کرنا مکروہ تحریمی ہے۔(کتاب الطہارۃ باب الانجاس ج 1  ص 554 دار عالم الکتب) 

حضرت صدرالشریعہ علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ بہار شریعت میں لکھتے ہیں:پا خانہ یا پیشاب پھرتے (کرتے)وقت یا طہارت کرنےمیں نہ قبلہ کی طرف مونھ ہو نہ پیٹھ اور یہ حکم عام ہےچاہے مکان کے اندر ہو یا میدان میں اور اگر بھول کر قبلہ کی طرف مونھ یا پشت کر کے بیٹھ گیا تو یاد آتےہی فوراً رخ بدل دےاس میں امید ہے کہ فوراً اس کے لیےمغفرت فرما دی جائے۔(بہارشریعت  ج 1 ،ص408، مطبوعہ مکتبة  المدینۃ)والله تعالیٰ اعلم
کتبہ 
محمد معصوم رضا نوریؔ عفی عنہ 
15 رجب المرجب 1446 ھجری
16 جنوری 2025 عیسوی جمعرات

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only