(یوپی کا رہنے والا دوسری جگہ قربانی کروا سکتاہے؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سوال عرض یہ ہے کہ یو پی کے رہنے والا شخص کسی دوسرے اسٹیٹ میں اپنے نام کے قربانی کا حصہ لے سکتا ہے کہ نہیں ؟
سائل :محمد غلام مصطفیٰ جونپور یو پی
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
جی ہاں، یوپی کا رہنے والا شخص کا کسی دوسرے اسٹیٹ میں اپنے نام سے قربانی کا حصہ لینا بالکل جائز ہے، بشرطیکہ قربانی کے تمام شرعی احکام کی رعایت کی جائے۔ شریعت میں قربانی کے لیے یہ ضروری نہیں کہ آدمی اسی جگہ موجود ہو جہاں جانور ذبح ہو رہا ہے، بلکہ وہ کسی دوسرے شہر یا اسٹیٹ میں بھی اپنا حصہ رکھ سکتا ہے۔ البتہ بہتر ہے کہ وہ قربانی کے وقت موجود رہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا کھڑی ہو جاؤ اور اپنی قربانی کے پاس حاضر ہو جاؤ کہ اس کے خون کے پہلے ہی قطرہ میں جو کچھ گناہ کیے ہیں سب کی مغفرت ہو جائے گی اس پر حضرت ابوذر خدری رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کیا رسول اللہ ﷺ یہ آپ کی آل کے لیے خاص ہے یا آپ کی آل کے لیے بھی ہے اور ائمہ مسلمین کے لیے بھی فرمایا کہ میری آل کے لیے خاص بھی ہے اور تمام مسلمین کے لیے عام بھی ہے (بہار شریعت ج 3 ص 344 مکتبۃ المدینہ کراچی)
الفتاوى الهندية میں ہے: كان لا يحسنه فالأفضل أن يستعين بغيره ولكن ينبغي أن يشهدها بنفسه ( ج 5 ص 300)
اگر وہ خود اچھی طرح ذبح کرنا نہ جانتا ہو تو بہتر یہ ہے کہ کسی دوسرے شخص سے مدد لے، لیکن مناسب یہ ہے کہ قربانی کے وقت خود بھی موجود رہے اور اسے اپنی آنکھوں سے دیکھے۔
حضور صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ قربانی کے وقت میں قربانی کرنا ہی لازم ہے کوئی دوسری چیز اس کے قائم مقام نہیں ہو سکتی مثلا بجائے قربانی اس نے بکری یا اس کی قیمت صدقہ کر دی یہ ناکافی ہے اس میں نیابت ہو سکتی ہے یعنی خود کرنا ضروری نہیں بلکہ دوسرے کو اجازت دے دی اس نے کر دی یہ ہو سکتا ہے (بہار شریعت ج 3 ص 335 مکتبۃ المدینہ کراچی )
اسی میں ہے: یہ جو شہر و دیہات کا فرق بتایا گیا ہے یہ مقام قربانی کے لحاظ سے ہے قربانی کرنے والے کے اعتبار سے نہیں یعنی دیہات میں قربانی ہو تو وہ وقت ہے اگرچہ قربانی کرنے والا شہر میں ہو اور شہر میں ہو تو نماز کے بعد ہو اگرچہ جس کی طرف سے قربانی ہے وہ دیہات میں ہو۔(بہار شریعت ج 3 ص 337)واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد مدثر جاوید رضوی
مقام۔ دھانگڑها، بہادر گنج
ضلع: کشن گنج، بہار
ایک تبصرہ شائع کریں