منگل، 12 نومبر، 2024

(کسی عورت کوبرہنہ دیکھا یاچھواتو اسکی بیٹی سے نکاح کرسکتاہے؟)

(کسی عورت کوبرہنہ دیکھا یاچھواتو اسکی بیٹی سے نکاح کرسکتاہے؟)


 السلام علیکم ورحمت اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیانِ عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید نے ہندہ کی ماں کو حالت عریاں میں شہوت سے دیکھا ہے اور پھر ایک مرتبہ ایسا بھی ہوا ہےکہ زید نے ہندہ کی ماں کو شہوت سے کپڑے کے اوپر سے لمس بھی کیا ہےاب پوچھنا یہ ہے کہ کیا زید اور ہندہ ایک دوسرے سے شادی کر سکتے ہیں یا نہیں ؟ یا شادی کی کوئی صورت ہے کہ نہیں؟ اور اگر غیر دانستہ طور پر ان کا آپس میں نکاح ہو گیا ہو تو اب کیا صورت ہے؟
المستفتی: رضی اللّٰه خان علیمی

{بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم}
الجواب بعون الملک الوھاب

کسی عورت کی طرف حالت عریاں میں فرج داخل کی طرف شہوت کے ساتھ دیکھنے سے اور شہوت کے ساتھ چھونے سے جبکہ درمیان میں کوئی ایسا کپڑا نہ ہو جو جسم کی گرمی محسوس ہونے سے مانع ہو تو حرمت مصاہرت ثابت ہوجاتی ہے اور اس چھونے والے پر اس عورت کے اصول وفروع حرام ہوجاتے ہیں اور اس عورت کے فروع سے نکاح کسی صورت میں جائز نہیں، اور اگر درمیان میں کوئی ایسا کپڑا ہے جس سے جسم کی گرمی محسوس نہ ہو تو حرمت نہیں ہوگی۔اور اگر فرج داخل کو نہ دیکھا ہو یا چھوتے وقت شہوت نہ ہو تو حرمت نہ ہوگی“۔(ایساہی بہار شریعت، محرمات کا بیان، جلد ٢، صفحہ ٢١-٢٢-٢٣، مطبوعہ مکتبہ میں ہے)

فتاوی عالمگیری“میں ہے:”كما تثبت هذه الحرمة بالوطء تثبت بالمس والتقبيل و النظر إلى الفرج بشهوة كذا في الذخيرة“حرمت مصاہرت جس طرح وطی سے ثابت ہوتی ہے اسی شہوت کے ساتھ چھونے اور بوسہ دینے اور نظر کرنے سے بھی ثابت ہوجاتی ہے ایساہی ذخیرہ میں ہے۔

اسی میں ہے:”والمعتبر النظر إلى الفرج الداخل هكذا في الهداية“اه‍. حرمت مصاہرت کے ثبوت کے لئے فرج داخل کی طرف نظر کرنا معتبر ہے۔(كتاب النكاح، الباب الثالث في بيان المحرمات، جلد ۲، صفحہ ۲۸۴، مطبوعہ بولاق مصر المحمیۃ)

        لہذا صورت مذکورہ میں فرج داخل تک نظر کا پہنچنا مذکور نہیں ہے یونہی کپڑے کے اوپر سے چھونے سے حرمت مصاہرت نہیں ہوئی اس لیے زید کے لئے ہندہ سے نکاح کرنا جائز ہے۔ہاں اگر کسی طرح فرج داخل پر بشہوت نگاہ پڑی ہو یا کپڑے اوپر چھونے سے بدن کی گرمی محسوس ہوئی ہوتو حرمت ثابت ہوجائے گی پس ایسی صورت میں نکاح نہیں کرسکتا اور اگرنکاح ہوگیا تو فورا جدائی اختیار کرلے. والله تعالیٰ عزوجل و رسوله ﷺ أعلم بالصواب

کتبہ 
عبد الوکیل صدیقی نقشبندی پھلودی راجستھان الھند 
خادم التدریس: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان الھند 
٧ جمادی الاولی ١٤٤٦ھ۔ ١٠ نومبر ٢٠٢٤ء۔ بروز اتوار

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only