منگل، 26 نومبر، 2024

(کیا لا الہ الا اللہ سے مراد پورا کلمہ ہے؟)

(کیا لا الہ الا اللہ سے مراد پورا کلمہ ہے؟)

السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علماۓدین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے تحت ایک روایت میں ہے کہ جو ستر ہزار مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ لے اس کی مغفرت کر دی جاتی ہے یہاں کلمہ طیبہ سے آیا پورا کلمہ مراد ہے یا صرف لا الہ الا اللّٰہ مراد ہے,یا اس طرح بھی پڑھ سکتے ہیں لا الہ الا اللّٰہ پر سو کے بعد محمد رسول اللہ ﷺ کہے؟
المستفتیہ :کنیز فاطمہ، ممبئی مہاراشٹرا

وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب 

حدیث مبارک میں حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ و آلہ و سلم نے جو یہ ارشاد فرمایا:"افضل الذکر لَا اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ" یعنی: سب سے افضل ذکر لا الہ الا اللہ ہے تو اس سے پورا کملہ طیبہ "لَا اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اﷲ" مراد ہے لھذا جب کوئی اس کا ورد کرے تو پورا کلمہ طیبہ پڑھے کیوں کہ اس میں توحید و رسالت کا بیان ہے اور یہ کلمہ کفر سے ایمان کی طرف لاتا ہے۔

جیساکہ مفسر شہیر حضرت علامہ مفتی احمدیار خاں نعیمی اشرفی علیہ الرحمہ مرآةالمناجیح میں فرماتےہیں: "لَا اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ سے مراد  پورا کلمہ شریف ہے یعنی مع مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اﷲ" کے، ورنہ صرف لَا اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ تو بہت سے مُوَحِّد کفار بلکہ ابلیس بھی پڑھتا ہے، وہ مشرک نہیں مُوَحِّد ہے۔ جس چیز سے مؤمن بنتے ہیں وہ ہے مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اﷲ ،چونکہ کلمہ شریف سے کفر کی گندگی دور ہوتی ہے،اسے پڑھ کر کافر مؤمن ہوتا ہے، اس سے دل کی زنگ دور ہوتی ہے،اس سے غفلت جاتی ہے،دل میں بیداری آتی ہے، یہ حمدِ الٰہیﷻ و نعتِ مُصْطفویﷺ کا مجموعہ ہے، اس لیے یہ اَفْضَلُ الذِّکْر ہوا۔ صوفیائے کرام فرماتے ہیں کہ صفائی دل کے لیے کلمۂ طیبہ اِکْسِیر ہے۔(مراٰۃ المناجیح،ج ٣،ص٣٤٢)

البتہ اگر کوئی ذکر کے طور پر طاق عدد میں پہلے لا الہ الا اللہ کا ذکر کرے اور پھر آخر میں محمد رسول اللہ شامل کرلے تو یہ بھی درست ہے جیساکہ بانیِ سلسلئہ نوریہ امیر کشور معرفت حضرت صوفی سیدی شاہ نور عالم نوارنی بادشاہ سرکار سہروردی القادری زید مجدہ ارشاد فرماتے ہیں کہ صوفیاۓکرام کے معمول کے مطابق ایک ہی مجلس میں متعدد بار نفی اثبات یعنی لا الہ الا اللہ کا ذکرنے کے بعد آخر میں ایک بار محمد رسول اللہ کہ لینا کافی ہے اور یہ درست ہے,اور یہ بھی ارشاد فرماتے ہیں کہ جب  کوئی شخص تسبیح پڑھے تو پہلے 99 بار لا الہ الا اللہ اور پھر آخر دانے پر پورا کلمہ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ایک ساتھ پڑھ سکتا ہے۔واللہ تعالٰی و رسولہ الاعلٰی اعلم بالصواب عزوجل و صلی اللہ تعالٰی علیہ و آلہ و سلم 
کتبہ
سید محمد نذیرالہاشمی سہروردی 
شاہی دارالقضا و آستانئہ عالیہ غوثیہ سہروردیہ داہود شریف الھند 
بتاریخ ٢٢جمادی الاول١٤٤٦ھ
بمطابق ٢٤نومبر٢٠٢٤ء
بروز یک شنبہ ( اتوار )

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only