منگل، 26 نومبر، 2024

(نجس شیٔ جیب میں رکھ کر نماز پڑھنا کیسا ہے؟)

 (نجس شیٔ جیب میں رکھ کر نماز پڑھنا کیسا ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلے میں نجس کپڑا جیب میں رکھا تھا لیکن یاد نہیں تھا ایسے ہی نماز پڑھ لی  ہو گئی؟ 
المستفتی:عبد اللہ رضوی چندوسی

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب

    جیب میں وہ ناپاک کپڑا اگر اس میں نجاست ایک درھم سے زیادہ ہے تو نماز ہوئی ہی نہیں لہذا دوبارہ پڑھےاور درھم کے برابر ہے تو مکروہ تحریمی ، لوٹا واجب اور اگر کم ہے تو اعادہ مستحب۔

 محمد بن علی بن محمد بن علی بن عبد الرحمن الحنفی الحصکفی نے تحریر فرمایا ہے:”(وثوبه) وکذا مایتحرک بحرکته أو یعد حاملا له کصبی علیه نجس ان لم یستمسک بنفسه منع“اه‍...ترجمہ:اور اس کے لباس کا پاک ہونا، اسی طرح جو چیز اس کی حرکت سے حرکت کرے یا وہ اسے اٹھانے والا شمار ہو، جیسے وہ بچہ جس پر نجاست ہو اور وہ خود کو سنبھال نہ سکے، تو یہ (نماز کو) مانع ہے۔(در مختار، کتاب الصلوٰۃ، باب شروط الصلاۃ، صفحہ ٥٨، مطبوعہ بیروت-لبنان)

         محمد امین بن عمر عابدین شامی علیہ الرحمہ تحریر فرمایا ہے:”بخلال ما لو حمل قارورة مضمومة فیها بول فلا تجوز صلاتہ لأنہ في غیر معدنه کما في البحر المحیط اه‍..ترجمہ: "بخلاف اس کے کہ اگر کوئی بند شیشی میں پیشاب لے کر نماز پڑھے تو اس کی نماز جائز نہیں ہوگی، کیونکہ پیشاب اپنی مقررہ جگہ (جسم کے اندر) سے باہر ہے، جیسا کہ البحر المحیط میں ذکر کیا گیا ہے۔(كتاب الصلوة، باب شروط الصلاة، جلد ٢، صفحہ ٧٤، مطبوعہ بیروت-لبنان)

         حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ نے تحریر فرمایا ہے کہ:”مصلی اگر ایسی چیز کو اٹھائے ہو کہ اس کی حرکت سے وہ بھی حرکت کرے، اگر اس میں نجاست قدر مانع ہو تو نماز جائز نہیں مثلأ چاندنی کا ایک سرا اوڑھ کر نماز پڑھی اور دوسرے سرے میں نجاست ہے، اگر رکوع وسجود وقیام وقعود میں اس کی حرکت سے اس جائے نجاست تک حرکت پہنچتی ہے، نماز نہ ہوگی، ورنہ ہوجائے گی۔(بہار شریعت، جلد ١، صفحہ ٤٧٦، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

        اور اسی میں ہے کہ:”اگر نجاست قدر مانع سے کم ہے، جب بھی مکروہ ہے، پھر اگر نجاست غلیظہ بقدرِ درہم ہے تو مکروہِ تحریمی اور اس سے کم تو خلاف سنت۔(جلد ١، صفحہ ٤٧٧، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)والله تعالیٰ عزوجل و رسوله ﷺ أعلم بالصواب 

کتبه
عبد الوکیل صدیقی نقشبندی پھلودی راجستھان الھند 
خادم الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان الھند 
١٧ جمادی الاولی ١٤٤٦ھ۔ ٢٢ نومبر ٢٠٢٤ء۔ بروز جمعہ

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only