(شوہر کے انتقال کے بعدبیوی شوہر کے گھرزندگی گزار سکتی ہے؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ سوال عرض یہ ہے کہ ایک بندے کی شادی ہوئی اور کچھ عرصے کے بعد اس بندے کا انتقال ہو گیا اب اس کی بیوی دوسرا نکاح کرنے سے منع کر رہی ہے تو اس صورت میں اس کی بیوی اپنے سسرال میں رہے گی یا اپنے میکے میں رہے گی اگر سسرال میں رہے گی تو کیا اس کو بھی جائیداد میں سے حصہ ملے گا جواب عنایت فرمائیں سائل محمد غلام مصطفیٰ جونپور یوپی
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
عورت کا شوہر کے گھر پر عدت وفات گزارنے کے بعد اس کو اختیار ہے میکے میں رہے یا سسرال میں کیونکہ اسے بھی شوہر کے جائیداد میں سے چوتھائی ( ۱/ ۴ ) حصہ ملےگا جبکہ اسے کوئی اولاد نہ ہو جیسا کہ سوال میں مذکور ہے اور اگر کوئی اولاد ہو تو اٹھواں (۱/ ۸)حصہ ملے گا جیسا کہ اللہ تعالی نے قران پاک میں ارشاد فرمایا ہے" وَ لَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ اِنْ لَّمْ یَكُنْ لَّكُمْ وَلَدٌۚ-فَاِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ(سورہ نساء آیت ۱۲)
اور تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں
اور حضور صدر الشریعہ علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں :اگر میت کی بیوی کے ساتھ میت کا بیٹا بیٹی یا پوتا پوتی نہ ہو تو اس کو کل مال کا چوتھائی ملے گا (بہار شریعت جلد ۳ صفحہ ۱۱۲۰)
لہذا عورت اپنے حصہ کی جائداد میں رہ کر میکے میں زندگی گزارنا چاہے تو گزار سکتی ہے یاپھر چاہے تو اسے بیچ کر میکے میں رہ سکتی ہے اسے مکمل اختیار ہے.واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد فرقان برکاتی امجدی
۱۶ / جمادی الاول ۱۴۴۶ ھ
۱۹ / نومبر ۲۰۲۴ ء
ایک تبصرہ شائع کریں