جمعرات، 28 نومبر، 2024

(ایک بیوی پانچ بیٹے اور دو بیٹیوں میں مال کیسے تقسیم کی جائے؟)

(ایک بیوی پانچ بیٹے اور دو بیٹیوں میں مال کیسے تقسیم کی جائے؟)

 السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماۓدین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ زید کا کچھ سال پہلے انتقال ہو گیا اس نے اپنے بعد ایک بیوی پانچ بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑے ہیں اور جائداد میں ایک مکان ایک پلاٹ اور کچھ کیش اماؤنٹ ہے اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ وارثین کے درمیان زید کی کل جائداد کی تقسیم شریعت مطہرہ کے مطابق کس طرح ہوگی؟ 
المستفتی: حاجی نور عالم خان پٹھان داہود

وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
الجواب بعون الملک الوھاب

مسئلئہ مذکورہ میں بر تقدیر صدق سائل اگر زید کے وارثین میں ایک بیوی پانچ بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں تو زید کے کل ترکہ کی تقسیم درج ذیل ترتیب کے مطابق کی جاۓگی۔
١ سب سے پہلے میت ( زید ) کے مال متروکہ سے حقوق متقدمہ یعنی میت کی تجہیز اور تکفین کے اخراجات نکالے جائیں گے
٢ اس کے بعد زید کے ذمہ کسی کا قرض تھا تو اسے ادا کیا جاۓگا ورنہ نہیں 
٣ اگر زید نے کوئی جائز وصیت کی تھی تو اس کے ثلث یعنی ایک تہائی ( ١/٣ ) مال سے وصیت ادا کی جاۓگی ورنہ نہیں
اس کے بعد زید کے کل مال متروکہ (منقولہ غیر منقولہ) کے ٩٦ حصے کیے جائیں گے جن  میں سے زید کی بیوی کو آٹھواں یعنی ١٢ حصے ملیں گے کیوں کہ میت کی اولاد ہونے کی صورت میں بیوہ کو آٹھواں حصہ ملتا ہے۔۔قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالٰی ارشاد فرماتا ہے:"فَإِن كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُم"(النساء:۱۱/۴)
ترجمہ کنز الایمان:پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں حصہ ہے

اور ہر لڑکے کو ١٤ حصے اور ہر لڑکی کو ٧ حصے ملیں گے اللہ تبارک و تعالٰی ارشاد فرماتا ہے:"یُوْصِیْكُمُ اللّٰهُ فِیْۤ اَوْلَادِكُمْۗ-لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْاُنْثَیَیْنِۚ-( سورةالنساء آیت ١٧٦ ) 

ترجمئہ کنزالایمان: اللہ تمہیں تمہاری اولاد کے بارے میں حکم دیتا ہے، بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں کے برابر ہے۔

لھذا مذکورہ بالا قرآنی آیات کی روشنی میں معلوم و مفہوم ہوا کہ مرحوم (زید) کے مال متروکہ (منقولہ غیر منقولہ) کے کل ٩٦ حصے کیے جائیں گے جن  میں سے زید کی بیوی کو ١٢ حصے اور ہر لڑکے کو ١٤/١٤ حصے گےاور ہر لڑکی کو ٧/٧ حصے ملیں گے۔واللہ تعالٰی و رسولہ الاعلٰی اعلم بالصواب عزوجل و صلی اللہ تعالٰی علیہ و آلہ و سلم 
کتبہ 
سید محمد نذیرالہاشمی سہروردی 
شاہی دارالقضا و آستانئہ عالیہ غوثیہ سہروردیہ داہود شریف الھند
بتاریخ ٢٥جمادی الاول١٤٤٦ھ
بمطابق٢٨نومبر٢٠٢٤ء 
بروز پنج شنبہ ( جمعرات )

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only