منگل، 31 دسمبر، 2024

(مسلم عورتوں کو کوپرٹی استعمال کرنا کیسا ہے؟)

 (مسلم عورتوں کو کوپرٹی استعمال کرنا کیسا ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائےکرام اس مسئلہ میں کہ مسلم عورتوں کو کوپرٹی(Copper T) کا استعمال کرنا کیسا ہے؟قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔
   المستفتی: ۔محمد فرقان اشرفی جامعی موضع گنارہ جلال آباد ضلع شاہ جہان پور یوپی
وعلیکم السلام ور حمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
   اگر غربت کی وجہ سے ایسا کرتی ہیں تو جائز نہیں۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے: وَلاَ تَقْتُلُواْ أَوْلادَكُمْ خَشْيَةَ إِمْلاقٍ نَّحْنُ نَرْزُقُهُمْ وَإِيَّاكُم (اسراء :۳۱)  ترجمہ اپنی اولاد کو قتل مت کرو فقر و فاقہ کے ڈر سے، ہم ہی ان کو بھی رزق دیتے ہیں اور تم کو بھی۔
  نیز قرآن کی بیشمار آیات کریمہ سے ثابت ہے کہ رزق اللہ تعالی کے ذمہ ہے وہ قادر مطلق ہے ۔اور حدیث شریف میں ہے: تزوجوا الودود الولود فانی مکاثر بکم الامم زیادہ محبت کرنے والی اور بچے جننے والی عورت سے نکاح کرو کیوں کہ میں کل قیامت میں تم لوگوں کی تعداد کی زیادتی کی وجہ سے دوسری امتوں پر فخر کروں گا۔
   ہاں اگر صحت خراب ہونے یا حمل برداشت کرنے کی طاقت نہ ہو یا استقرار حمل میں ایسی تکلیف کا اندیشہ ہو جو ناقابل تحمل ہو  ان صورتوں میں عارضی طور پر صحت وقوت کی بحالی تک عورتیں کاپر، ٹی. کا استعمال کر سکتی ہیں کیونکہ اس کے استعمال سے بچے نہیں ہونے پاتے اور ایسا طریقہ اختیار کرنا جس سے بچے نہ پیدا ہوں جائز ہے کہ صحابہ کرام بھی عزل کرتے تھے یعنی منی گرتے وقت عضو تناسل کو عورت کی شرمگاہ سے نکال لیا کرتے تھے۔
جیسا کہ حدیث شریف میں ہے:  حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، قَالَ عَمْرٌو : أَخْبَرَنِي عَطَاءٌ ، سَمِعَ جَابِرًا رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ كُنَّا نَعْزِلُ وَالْقُرْآنُ يَنْزِلُحضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں جب قرآن نازل ہو رہا تھا ہم عزل کرتے تھے۔ (بخاری ۵۲۰۸)
  لہذا عورتیں کاپرٹی کا استعمال بوجہ مجبوری کرسکتی ہیں جبکہ انہیں اس سے نقصان نہ پہونچتا ہو یوں ہی  کنڈوم (نیرودھ)کا بھی استعمال جائز ہے.
نوٹ: بوجہ مجبور شرعی کوپرٹی ،Copper,T کنڈوم ، نیرودھ کا استعمال جائز ہے ہاں اگر کوئی بغرض عیش و عشرت استمال کرے تو جائز نہیں کیونکہ حدیث پاک کے مخالفت ہوگی ۔ واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
الفقیر تاج محمد حنفی قادری واحدی اترولوی

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only