منگل، 31 دسمبر، 2024

(کیا شوہر کی خدمت حالت بیماری میں بھی واجب ہے؟)

 (کیا شوہر کی خدمت حالت بیماری میں بھی واجب ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ
مسئلہ:۔ کیا فر ما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ میرا شوہر کام سے آنے کے بعد چاہتے ہیں کہ میں انکا ہاتھ پاؤں دباؤں۔ لیکن Body pain کی وجہ سے اور کمزوری کی وجہ سے میرادل ہی نہیں کرتا خدمت کرنے کی۔تو کیا شوہر کی یہ بات نہ ماننا درست ہے ؟

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب  بعون الملک الوہاب

   احادیث طیبہ میں شوہر کی خدمت پر بڑی فضیلت وارد ہے چنانچہ حضرت ابونعیم علی رضی اﷲ تعالی عنہ سے راوی کہ فرمایااے عورتو! خدا سے ڈرو اور شوہر کی رضا مندی کی تلاش ميں رہو، اس ليے کہ عورت کو اگر معلوم ہوتا کہ شوہر کا کیا حق ہے تو جب تک اس کے پاس کھانا حاضر رہتا یہ کھڑی رہتی۔(کنزالعمال ،کتاب النکاح،رقم:۴۴۸۰۹،ج۱۶،ص۱۴۵)
  اورحضرت ابونعیم حلیہ میں انس رضی اﷲ تعالی عنہ سے راوی، کہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالی علیہ وسلم نے فرمایاعورت جب پانچوں نمازیں پڑھے اور ماہ رمضان کے روزے رکھے اور اپنی عفت کی محافظت کرے اور شوہر کی اطاعت کرے تو جنت کے جس دروازے سے چاہے داخل ہو۔(حلیۃ الاولیاء،الحدیث:۸۸۳۰،ج۶،ص۳۳۶)
   ترمذی ام المومنین ام سلمہ رضی اﷲ تعالی عنہا سے راوی، کہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو عورت اس حال میں مری کہ شوہر راضی تھا، وہ جنت میں داخل(جامع الترمذی،أبواب الرضاع،باب ماجاء فی حق الزوج علی المرأۃ، الحدیث: ۱۱۶۴، ج۲، ص۳۸۶؍بحوالہ بہار شریعت)
  اگرچہ شوہر کی خدمت بیوی پر واجب نہیں ہے جیسے بدن دبانا مالش کرنا یونہی شوہر پر بیوی کے علاج کا خرچہ شوہر پر واجب نہیں تو اگر بیوی یہ کہے کہ میں نہیں کروں گی یا میرے ذمہ واجب نہیںیا یہ کہنا کہ  Body pain کی وجہ سے اور کمزوری کی وجہ سے میرادل ہی نہیں کرتا تو یونہی اگر شوہر تمہارے علاج پر یہی جملہ دہرائے کہ تمہارا علاج میرے ذمہ واجب نہیں ہے یا کمائی نہ ہو نے کی وجہ سے میرا دل نہیں کہتا علاج کرانے کا تو کیا کروگی ؟ کیا تمہیں اس وقت اچھا لگے گا ؟ نہیں ہز گز نہیں ۔لہٰذا شو ہر کی خدمت اپنے اوپر لازم کرلوکہ یہی عرف عام ہے یعنی بیوی شوہر اور گھروالوں کی خدمت کرے اور شوہر بیوی کے علاج معالجہ میں مدد گار ہو،اگر ایسا نہ کیا تو قوم کے مابین ایسی عورت ذلیل خوار اور بدنام ہو گی لہٰذا شوہر کی خدمت کرتی رہو۔ہاں اگر طبیعت اس طرح خراب رہتی ہے کہ خدمت کرنے پر تکلیف ہو تی ہو تو شوہر سے کہو کہ علاج کروا ئے تاکہ تمہاری بیماری جا تی رہے نہ کہ علاج کے بجائے شوہر کی خدمت بند کردو۔اگر یہی معاملہ رہاتو ایک دن بات طلاق تک پہونچے گی یاپھر گھر جھگڑا فساد کا اڈا بن کر رہ جائے گا ۔لہٰذا خدا کا خوف اپنے دل میں پیدا کرو اور شوہر کی خدمت سے منھ نہ موڑو ،شوہر کا مقام بہت ہی بڑا ہے ۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا اگر اللہ کے علا وہ سجدہ کسی اور کو رواں ہوتا تو میں بیویوں کا حکم دیتا کہ اپنے شوہروں کو سجدہ کریں ۔اس حدیث سے سبق حاصل کرو کہ شوہر کا مقام کتنا بلند و بالاہے ۔واللہ تعا لیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
فقیر تاج محمد قادری واحدی

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only