منگل، 31 دسمبر، 2024

(خلافت کسے کہتے ہیں اور خلافت کہاں سے شروع ہوئی؟)

 (خلافت کسے کہتے ہیں اور خلافت کہاں سے شروع ہوئی؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائےکرام اس مسئلہ میں کہ خلافت کسے کہتے ہیں؟ اور خلافت کہاں سے شروع ہوئی؟جواب عنایت فرمائیں اللہ تعالٰی آپ کو جزائے خیر دے گا ۔
المستفتی:۔ شہرالدین رضوی پیلی بھیت شریف

وعلیکم السلام ور حمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

  خلافت کے معنی ہیں نیابت نبی یا پیر کی جانشینی ۔(فیروزاللغات  ص۳۱۷)
  جانشین ھونا ۔ جانشین بنانا پیچھے چھوڑنا  ۔قائم مقام بنانا ۔(مصباح اللغات ص۲۱۶)
  خلیفہ بروزن فعیل صفت مشبہ کا صیغہ ہے ۔جس کے معنیٰ ہیں پیچھے آنے والا یا نائب جو کسی کےپیچھے یاغیرموجودگی میں اسکا کام کرے ۔(تفسیر نعیمی جلداول صفحہ ۲۸۰)
  اور اصطلاح میں شریعت کے موافق عام تصرف کرنے کا اختیار ۔۔جیساکہ علامہ شمس الدین رضوی جعفری علیہ الرحمہ نےارشادفرمایا : امامت کبری رسولہﷺ کی نیابت مطلقہ ھے یعنی حضوراقدس ﷺ کی نیابت سے مسلمانوں کے تمام دینی دنیوی کاموں میں شریعت کے موافق عام تصرف کرنے کا اختیار اور غیرمعصیت میں تمام جہان کے مسلمانوں سے اطاعت کرانے کا حق اس امامت (خلافت)کے لئے مسلمان آزاد مرد عاقل بالغ قرشی قادرہونا شرط ہے ۔
  قادر کے یہ معنی ہیں کہ شرعی فیصلہ اور حدود کو جاری کرسکے۔ظالم سے مظلوم کا حق دلانے کی اور مسلمانوں کے جان ومال وملک واملاک کی حفاظت کی طاقت ہو ۔(ارشادباری تعالی : انی جاعل فی الارض خلیفة الخ یعنی بیشک میں زمین میں اپنا نائب بنانے والاہوں
  خالق ارض وسماء ﷻکے نائب مطلق شہنشاہ کون ومکاں ﷺ ہی ہیں۔)ھکذا فی التفسیر نعیمی جلداول صفحہ ۲۸۰، ۲۸۱)
  رسول اللہ ﷺ کےبعد آپ کے خلیفہ برحق وامام مطلق حضرت سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ ہیں پھرحضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ پھر حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ پھرحضرت سیدنامولی علی رضی اللہ تعالی عنہ پھر حضرت سیدنا امام حسن رضی اللہ تعالی عنہ ان حضرات کی خلافت کو خلافت راشدہ کہتے ہیں۔اس لئے کہ ان صاحبوں نے حضوراقدس ﷺکی سچی نیابت کا پورا حق اداکیا ۔
  منہاج (طورطریقہ) نبوت پر خلافت حقہ راشدہ تیس سال رہی یعنی حضرت سیدنا امام حسن رضی اللہ تعالی عنہ کے چھ ماہ پر ختم ہو گئی پھر امیر المومنین عمر بن عبد العزیز رضی اللہ تعالی عنہ کی خلافت راشدہ ہوئی اور اخیرزمانہ میں حضرت امام مہدی رضی اللہ تعالی عنہ کی ہوگی ۔حضرت امیرمعاویہ رضی اللہ تعالی عنہ اول ملوک اسلام (بادشاہ اسلام) ہیں۔(بحوالہ :تکمیل الایمان وکمال ابن ھمام ۔) قانون شریعت حصہ اول صفحہ۳۹،۴۰)ھکذافی بہارشریعت جلداول حصہ اول صفحہ۷۱،۷۲)۔وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبہ
العبد محمّد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only