(گانا سننا کیسا ہے؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائےکرام اس مسئلہ میں کہ آجکل ایک گناہ عام ہے گانا سنناتو کیا موسیقی، گانے (song) کی ممانعت احادیث سے بھی ثابت ہے اور اس کے سننے کے کیا نقصانات ہیں؟
المستفتی: ۔رحمت علی
وعلیکم السلام ور حمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
اسلام میں موسیقی اور گانے بجانے کی شدید مذمت کی گئی ہےیہ دل میں نفاق پیدا کرنے اور انسان کو ذکر الٰہی سے دور کرنے کا سبب ہے۔ ارشادِ باری تعالی ہے : وَمِنَ النّاسِ مَن يَشتَرى لَهوَ الحَديثِ لِيُضِلَّ عَن سَبيلِ اللَّهِ بِغَيرِ عِلمٍ وَيَتَّخِذَها هُزُوًا ۚ أُولـٰئِكَ لَهُم عَذابٌ مُهينٌ۔( سورۃ اللقمان آیت نمبر ۶)اور کچھ لوگ کھیل کی باتیں خریدتے ہیں کہ اللہ کی راہ سے بہکا دیں بے سمجھے اور اسے ہنسی بنا لیں ان کے لیے ذلت کا عذاب ہے۔(کنزالایمان)
جمہور صحابہ و تابعین اور عام مفسرین کے نزدیک لہو الحدیث عام ہے جس سے مراد گانا بجانا اور اس کا ساز وسامان ہے اور سازو سامان، موسیقی کے آلات اور ہر وہ چیزجو انسان کو خیر اور بھلائی سے غافل کر دے اور اللہ کی عبادت سے دور کردے۔ اس میں ان بدبختوں کا ذکر ہے جو کلام اللہ سننے سے اِعراض کرتے ہیں اور سازو موسیقی ، نغمہ وسرور اورگانے وغیرہ خوب شوق سے سنتے اور ان میں دلچسپی لیتے ہیں۔
اب رہی حدیث کی بات تو اس ضمن میں کئی ایک احادیث کتب احادیث میں موجود ہیں بطور دلیل دوحدیث پیش کرتا ملاحظہ کریں۔
(۱) محمد بن یحییٰ ثعلبۃ بن ابی مالک التمیمی، لیث مجاہد کہتے ہیں میں ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے ساتھ تھا، انھوں نے طبل کی آواز سنی تو اپنے کانوں میں انگلیاں دے لیں، اور دوسری طرف ہو لئے اسی طرح تین مرتبہ کیا پھر فرمایا رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ایسا ہی کیا تھا۔( سنن ابن ماجہ، عربی اردو جلد اول باب الغناء والدف، حدیث نمبر ۱۹۷۰ صفحہ نمبر ۵۳۳، مطبوعہ فرید بک لاہور پاکستان)
(۲) سلیمان بن موسیٰ نے نافع سے روایت کی ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے گانے کی آواز سنی تو اپنے کانوں میں انگلیاں ڈال لیا اور راستے سے ہٹ گئے اور مجھ سے فرمایا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ساتھ تھا تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ایسی ہی آواز سنی اور اسی طرح کیا۔(ابو داؤد، عربی اردو جلد سوم، کتاب الادب حدیث نمبر۱۴۹۳ صفحہ ۵۴۴، مطبوعہ فرید بک لاہور پاکستان)
اوپر کی باتوں سے موسیقی، گانا، کی ممانعت ثابت ہو رہی ہے آلات موسیقی شیطانی آلات ہیں ان احادیث سے ان لوگوں کو عبرت حاصل کرنی چاہئے جو موسیقی، گانا، کو روح کی غذا کہتے پھرتے ہیں، موسیقی روح کی نہیں شیطانی غذا ہےاور ایسے اوباش قسم کے لوگوں کو نہ اہل علم عزت کی نظروں سے دیکھتے ہیں اور نہ ہی عام لوگ وہ ہمیشہ خسارے میں ہی رہتے ہیں ان کی دنیا بھی برباد ہے اور آخرت میں تو اس کا عذاب رکھا ہی ہے۔(ماخوذ صحاح ستہ اور عقائد اہل سنت)۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
صبغت اللہ فیضی نظامی
ایک تبصرہ شائع کریں