اتوار، 1 دسمبر، 2024

(کیا مہر درود ہوسکتاہے؟)

(کیا مہر درود ہوسکتاہے؟)


السلام علیکم و رحمة اللّٰه وبرکاته 
الاستفتاء: کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیانِ عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ دورانِ نکاح لڑکی نے مہر کے بارے میں کہا کہ میرا مہر ایک ہزار درود ابراہیمی رہیگا تو کیا نکاح ہوجائےگا؟؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین کرم ہوگا۔
المستفتی: محمد نذیر احمد 

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته 
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصوب 

    صورت مسئولہ میں نکاح ہوجائے گا لیکن مہرِ مثل واجب ہوگا۔ کیونکہ مہر کے لئے مال متقوم ہونا ضروری ہے اس لیے دورود ابراہیم مہر نہیں ہوسکتا۔

        محمد امین بن عمر عابدین المتوفی ١٢٥٢ھ علیہ الرحمہ نے تحریر فرمایا ہے:”(قوله: وفي تعليم القرآن) أي يجب مهر المثل فيما لو تزوجها على أن يعلمها القرآن أو نحوه من الطاعات لأن المسمى ليس بمال." اس کا قول تعلیم قرآن میں یعنی اگر تعلیم قرآن یا اس کی مثل کسی طاعت پر شادی کی تو مہر مثل واجب ہوگا اس لیے کہ یہ مال نہیں ہے۔(كتاب النكاح، باب المھر، جلد ٣، صفحہ ٢٠١، مطبوعہ)

           صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ نے تحریر فرمایا ہے کہ :”جو چیز مالِ متقوم نہیں وہ مَہر نہیں ہوسکتی اور مہر مثل واجب ہوگا، مثلاً: مہر یہ ٹھہرا کہ آزاد شوہر عورت کی سال بھر تک خدمت کریگا یا یہ کہ اسے قرآن مجید یا علمِ دین پڑھا دے گا یا حج و عمرہ کرا دے گا یا مسلمان مرد کا نکاح مسلمان عورت سے ہوا اور مہر میں خون یا شراب یا خنزیر کا ذکر آیا یا یہ کہ شوہر اپنی پہلی بی بی کو طلاق دے دے، تو ان سب صورتوں میں مہرِ مثل واجب ہوگا۔ “(بہارِ شریعت ، مھر کا بیان ،جلد ٢، صفحہ ٦٥، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

   اور اسی میں مہرِ مثل کی وضاحت  کرتے ہوئے صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ نے تحریر فرمایا ہے کہ:”عورت کے خاندان کی اُس جیسی عورت کا جو مہر ہو، وہ اُس کے لیے مہر مثل ہے، مثلاً اس کی بہن، پھوپھی، چچا کی بیٹی وغیرہا  کا مہر ۔ “(بہارِ شریعت ،جلد ٢، صفحہ ٧١، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)والله تعالیٰ أعلم بالصواب 
کتبه 
عبد الوکیل صدیقی نقشبندی پھلودی راجستھان الھند 
خادم الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان الھند 
٢٨ جمادی الاولی ١٤٤٦ھ۔ ٣٠ نومبر ٢٠٢٤ء۔ بروز ہفتہ

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only