بدھ، 18 دسمبر، 2024

(کیا پلر منقطع صف ہے؟)

(کیا پلر منقطع صف ہے؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں اس  مسئلے کے بارے میں علماء کرام و مفتیان عظام صف کے درمیان اگر پیلر ا جائے تو کیا  صف منقطع ہو جاتا ہے جواب عنایت فرمائیں بڑا کرم ہوگا
محمد صدام حسین کولکاتہ

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاته 
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصوب

    جگہ ہوتے ہوئے پلر کے درمیان کھڑاہونا جائزنہیں کہ یہ ضرور قطع صف کہلائےگا اگرچہ نماز ہوجائے گی مگر گنہگار ہوگا اور اگر جگہ کی قلت ہوتو کھڑاہو سکتا ہےاور گنہگاربھی نہ ہوگا۔

        سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں علیہ الرحمہ نے تحریر فرمایا ہے:”عمدۃ القاری شرح صحیح بخاری میں قبیل  باب  الصلاۃ الی الراحلۃ  سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے ہے کہ انہوں نے فرمایا :” لا تصفوا بین الاساطین  و اتموا الصفوف “۔ ستونوں کے بیچ میں صف نہ باندھو اور صفیں پوری کرو۔ اور اس کی وجہ  قطع  صف ہے اگر تینوں دروں میں لوگ کھڑے ہوئے  تو ایک صف  کے تین ٹکڑے  ہوئے  اور یہ ناجائز ہے  اور اگر بعض  دروں میں کھڑے ہوئے بعض خالی چھوڑ دے جب بھی قطع صف ہے کہ صف ناقص چھوڑ دی ، کاٹ دی  پوری نہ کی ، اور اس کا پورا کرنا لازم ہے۔ اور اگر اس وقت اور زائد لوگ نہ ہوں تو آنے سے کون مانع ہے  تو یہ ممنوع کا سامان مہیا کرنا ہے اور وہ بھی ممنوع ہے   اور دروں میں مقتدیوں کے کھڑے ہونے کو قطع صف نہ سمجھنا  محض خطا ہے۔ علمائے کرام نے صاف تصریح فرمائی کہ اس میں قطع صف ہے۔(فتاویٰ رضویہ، جلد ٦، صفحہ ١٣٤، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)

     اسی میں ہے ہے کہ:”بے ضرورت مقتدیوں کا دَر میں صف قائم کرنا یہ سخت مکروہ کہ باعث قطعِ صف ہے اور قطع صف ناجائز، ہاں اگر کثرتِ جماعت کے باعث جگہ میں تنگی ہو اس لئے مقتدی دَر میں اور امام محراب میں کھڑے ہوں تو کراہت نہیں۔ یونہی اگر مینہ کے باعث پچھلی صف کے لوگ دروں میں کھڑے ہوں تو یہ ضرورت ہے، والضرورات تبیح المحظورات۔“ (فتاوی رضویہ جلد ٦، صفحہ ١٣١، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

اور ایساہی فتاویٰ امجدیہ جلد اول صفحہ ٧٤ میں بھی ہے۔واللّٰه تعالیٰ أعلم بالصواب

کتبہ 
عبد الوکیل صدیقی نقشبندی پھلودی راجستھان الھند 
خادم الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان الھند 
١٤ جمادی الاخر ١٤٤٦ھ۔ ١٦ دسمبر ٢٠٢٤۔ بروز پیر۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only