جمعہ، 6 دسمبر، 2024

(حالت سجدہ میں انگلیوں کا پیٹ زمین سے لگنا کیا ہے؟)

(حالت سجدہ میں انگلیوں کا پیٹ زمین سے لگنا کیا ہے؟)

 السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ ۔
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام کہ حالت سجدے میں پیروں کی انگلیوں نہ لگانا کیسا ہے ؟
سائل ۔ جمیل احمد

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم 
الجواب بعون الملک الوھاب وھو الموفق للحق والصواب 

 حالت سجدہ میں دونوں پیر کی دس انگلیوں کا پیٹ لگانا سنت ہے اور تین تین انگلیوں کا پیٹ لگانا واجب ہے ، اور ایک ایک انگلی کا پیٹ لگانا شرط ہے ۔
    
    لہذا اگر کسی کے پیر کی کوئی انگلی کاپیٹ زمین سے نہ لگی تو نماز کادہرانا فرض ہوگا اور اگرصرف دو انگلیوں کا پیٹ زمین سے لگا تو ترک واجب لازم آئے گا اور ترک واجب سے نماز مکروہ تحریمی ہوتی ہے ، اور جونماز مکروہ تحریمی ہوگی اس کو دوبارہ پڑھنا واجب ہوتا ہے۔اور اگر تین تین انگلیوں کا پیٹ زمین سے لگا لیا لیکن دسوں کا نہیں لگا تو نماز خلاف سنت ہوگی ، جس کو دوبارہ پڑھنا مستحب ہوگا ۔

    اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں ۔اس تمام گفتگو سے آشکار ہوگیا کہ حالت سجدہ میں قدم کی دس انگلیوں میں سے ایك کے باطن پراعتماد مذہب معتمد اور مفتی بہ میں فرض ہے اور دونوں پاؤں کی تمام یااکثر انگلیوں پراعتماد بعیدنہیں کہ واجب ہو اس بناپر جو حلیہ میں ہے اور قبلہ کی طرف متوجہ کرنا بغیرکسی انحراف کے سنت ہے.(فتاوی رضویہ جلد 7۔ باب مکروھات الصلوۃ، تیجان الصواب فی قیام الامام فی المحراب ،ص 377 , مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)

    صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:سجدہ میں  دونوں  پاؤں  کی دسوں  انگلیوں  کے پیٹ زمین پر لگنا سنت ہے اور ہر پاؤں  کی تین تین انگلیوں  کے پیٹ زمین پر لگنا واجب اور دسوں  کا قبلہ رُو ہونا سُنت(بہار شریعت جلد اول ، حصہ سوم ، نماز پڑھنے کا طریقہ ، مسئلہ نمبر 108، ص530 ،  مطبوعہ المکتبۃ المدینہ دعوت اسلامی)

    مکروہ تحریمی نماز کے دوبارہ پڑھنے کے متعلق امام علاء الدین الحصکفی فرماتے ہیں :کل صلوۃ ادیت مع کراھۃ التحریم تجب اعادتھا"جو نماز مکروہ تحریمی ہو اسے دوبارہ پڑھنا واجب ہے ۔(در مختار جلد دوم کتاب الصلاۃ باب صفۃ الصلوۃ ص 147, 148 ۔ مطبوعہ دار المعرفہ بیروت لبنان )واللہ تعالیٰ ورسولہ اعلم باالصواب 
کتبہ 
محمد ایاز حسین تسلیمی بہیڑوی ۔
ساکن۔ محلہ ٹانڈہ متصل مسجد مدار اعظم بہیڑی ضلع بریلی ۔
مؤرخہ ۔ 2024 ۔ 12. 6۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only