ہفتہ، 15 فروری، 2025

(تاثرات فتاوی مسائل شرعیہ جلد ششم 6)


  (نگاہ اولین)

(الحمدللہ رب العلمین والصلوۃ والسلام علی اشرف الانبیاء والمرسلین وعلی الہ الطیبین واصحابہ المطہرین اجمعین
اما بعد!
دور حاضر میں تقریر آسان ہوتی جا رہی ہے جب کہ تدریس و تصنیف کا کام دشوار ہوتا جا رہا ہے یعنی کتابوں کی ورق گردانی کرکے تحریر کرنا پھر تصحیح و تصدیق کا مرحلہ سامنے آتا ہے جو یقینا ایک دشوار امر ہے جس کے لئے دیگر احباب کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے ۔
الحمدللہ ہمارے اراکین نے بھر پور ہماری مدد کی، کاندھے سے کا ندھا ملا کر کھڑے رہے، مثلاً فتاوی کی تصحیح محب گرامی حضرت مولانا ساجد علی صاحب قبلہ و محب گرامی قاری عبید اللہ صاحب قبلہ ودیگر مجیبین حضرات نے کی ہے۔ قرآن کی عربی عبارت کی تصحیح محترم قاری معراج صاحب نے کی ہے۔ قرآن کا ترجمہ کنز الایمان سےرکھا گیا ہے اس کی تصحیح برادر اصغر مولانا فرقان صاحب نے کی ہے۔البتہ فتاوی رضویہ کی عبا رت میں جو قرآن کا ترجمہ دعوت اسلامی نے تحریر کیا ہے اس کو ویسے ہی رکھا گیا ہے ۔
یعنی پانچوں جلدوں کی طرح جلد ششم آپ حضرات کے پیش نظر ہے ،یعنی اس سے قبل پانچ جلدیں منظر عام پر آچکی ہے جلد اول میں عقا ئد کا بیان ہے ،جلد دوم و جلد سوم میں نماز کا بیان ہے ،جلد چہارم میں جنازہ کا بیان ہے ،جلد پنجم میں روزہ ،زکوۃ وفطرہ ،حج و عمرہ کا بیان ہے ،اور اس جلد یعنی جلد ششم میں، نکاح،محرمات،مہر،طلاق ،طلاق بائن،طلاق مغلظہ ،عدت ،قسم اورمنت،حد اور تعزیر، وقف، مسجد ، مدرسہ، قبرستان کا بیان ہے یعنی جلد ششم میں تیرہ۱۳، ابواب ۳۴،علمائے کرام و مفتیان عظام کے تقریبا۲۴۱،فتاوی شامل ہیں۔
جلد ہفتم(ساتویںجلد) جس میں تجارت ،اجرت،ذبح ،قربانی ،و عقیقہ کا بیان رہے گا۔اور جلد ہشتم (آٹھویں جلد)جس میں   کھانے،پینے، لباس،زیور ،سلام  ,قرآن ،حجامت،ختنہ،زینت ،نام  ،پیری مریدی ،تواریخ،کا بیان رہے گا۔ان شاء اللہ عید بعد بقرہ عید سے قبل یہ دونوں جلدیں بھی منظر عام پر آنے والی ہیں ،بقیہ جلد نہم،ودہم (نویں،دسویں جلد) جس میں وصیت وراثت اور متفرقات کابیان رہے گا وہ بھی ان شاء اللہ محرم بعد منظر عام پر آجائے گی۔
دعا گو ہوں کہ مولیٰ تعالیٰ سب کو شاد وآباد رکھے علم وعمل،عمرورزق میں بے پناہ برکتیں عطا فرما ئے ۔ارضی و سماوی آفت و بلیات سے محفوظ و مامون رکھے،جان ومال ،عزت وآبرو کی حفاظت فرما ئے ،ظالموں کے ظلم سے حاسدوں کی حسد سے شیاطین کی شرارتوں سے اجنہ کی حرکتوں سے محفوظ فرما ئے خاتمہ ایمان پر فرماکر جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرما ئے۔آمین یارب العلمین بجاہ نبی الکریم علیہ الصلاۃ والتسلیم 
دعا گو
فقیر تاج محمد قادری واحدی

 

  (تاثرات)

(پاسبان مسلک اعلیٰ حضرت ،ماہر علم و فن ،مفکرقوم ملت،حضرت علامہ ،مولانا ،مفتی محمد افروز عالم نوری بریلوی مدظلہ النورانی ، رئیس التدریس و افتاء مرکز اہلسنت جامعہ رضویہ منظر اسلام سودا گران بریلی شریف
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
والصلاۃ والسلام علی رسولہ الکریم
افتا دینی خدمات میں سب سے اہم کام ہے افتا کی اہمیت اس سےبھی ظاہر ہوتی ہے کہ اللہ عزوجل نے افتا کی نسبت خود اپنی جانب فرمائی۔ارشاد فرمایا :يَسْتَفْتُوْنَكَ۔ قُلِ اللهُ يُفْتِيْكُمْ فِي الْكَلٰلَةِ"بلا شبہ افتابہت اہم مگر پر خطر وادی ہے۔ اسی لیے بہت کتابیں پڑھ لینا افتا کےلئے کافی نہیں بلکہ علم کافی ہونے کے ساتھ مدتہا تمرن علی الشیخ لازم وضرور۔
مجدد اعظم اعلیٰ حضرت امام احمدرضا بریلوی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ علم الفتوی پڑھنے سے نہیں آتا جب تک مدتہا کسی طبیب حاذق کا مطب نہ کیا ہو۔جوتمرن علی الشیخ نہ کیے ہوں انہیں افتا کی اجازت نہیں ہوتی ۔یوں اس منصب عظیم کی جسارت کرنے والوں کے جوابات مجازفت و تشہی پر مشتمل ہوتے ہیں اور نرے ضال ومضل ٹھہرتے ہیں ۔جواب (حکم شرعی) صحیح وصواب ہو اس کے لئے افتا کے اصول و آداب کا علم و لحاظ لازم۔تاکہ ضلوافاضلواکے مصداق نہ بن جائیں ۔حضور اقدس نور مقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کا ارشادِ ہے: اخذ الناس رؤسا جه‍الا فسئلوا فافتوا بغير علم فضلواواضلوا "
ماشاء اللہ تعالیٰ کئی علمائے کرام زاد اللہ تعالیٰ علمھم کے تحریر کردہ مسائل وجوابات پر مشتمل کتاب" فتاویٰ مسائل شرعیہ" کی پی ڈی ایف فائل عزیز گرامی مولانا عبیداللہ صاحب دھونروی نے ارسال کی اور مجھ ناچیز سے کچھ کلمات تحریر کرنے کی گزارش کی ۔ کثرت مسئولیات ومشاغل کی وجہ سے پی ڈی ایف کو بالاستیعاب پڑھ نہ سکا بعض جوابات دیکھے درست پایا۔بقیہ جوابات بھی امید ہے کہ صحیح وصواب اور مجدد اعظم اعلیٰ حضرت امام احمدرضا بریلوی کی تعلیمات و تحقیقات کے مطابق ہی ہونگے ۔اللہ عزوجل ان علمائے کرام کی سعی مشکور فرمائے۔ آمین یارب العالمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ واصحابہ اجمعین
فقط
بندۂ ناچیز
محمد افروز عالم نوری بریلوی غفرلہ
خادم تدریس و افتاء مرکز اہلسنت جامعہ رضویہ منظر اسلام سودا گران


  (کلمات تحسین و تبریک)

پیر طریقت ،رہبر راہ شریعت و طریقت ،شہزادۂ مولا ئے کائنات، حضرت علامہ مولانا الشاہ سید محمد نذیرالدین المعروف بہ نذیرالہاشمی سہر وردی صاحب قبلہ دامت برکا تہم العالیہ قاضی شہر ضلع داہود شاہی دارالقضا و امین: آستانئہ عالیہ سہروردیہ غوثیہ داہود شریف گجرات
 الحمدللہ وحدہ الصلوۃ و السلام  علی من لا نبی بعدہ امام بعد 
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
 (کتاب مستطاب مجموعۃالفتاوی مسمی باسم "فتاوی مسائل شرعیہ" جماعت ھٰذا کے سرپرست اعلٰی خلیفۂ سیدی ارشد ملت تاج العلماء حضرت مولانا تاج محمد واحدی قادری صاحب قلبہ زید مجدہ مجیبین مسائل شرعیہ خصوصاً حضرت علامہ مفتی اسامہ صاحب قبلہ، مفتی منظور احمد صاحب یارعلوی، مولانا قاری عبیداللہ صاحب رضوی، مولانا عتیق اللہ صاحب ،مولانا معصوم رضا صاحب،مولانا الطاف حسین صاحب، مولانا عبدالوکیل صاحب نقشبندی، وغیرہم کی مساعی جمیلہ اور جہد مسلسل و سعی پیہم کا حسین ثمرہ اور ایک منفرد فقہی گلدستہ ہے، جس میں عوام اہلسنت کی جانب سے روز مرہ پیش آنے والے سوالات کے مدلل جوابات فتاوی کی شکل میں انتہائی متانت و سنجیدگی کے ساتھ مذہب مہذب فقہ حنفی کی روشنی میں تحریر کئے گئے ہیں، الحمدللہ کتاب ھٰذا کی جلوہ گری سے عام فہم اردو زبان کے فقہی ذخائر میں ایک قیمتی کتاب "فتاوی مسائل شرعیہ" کا بھی اضافہ ہو چکا ہے۔
فقیر سہروردی قلیل البضاعت فی العلم ناچیز نے اس کتاب کے کئی اوائل فتاوی کو دیکھا اور اواسط واواخر فتاوی کو بالاستیعاب ملاحظہ کیا،الحمدللہ خوب سے خوب تر پایا،ان میں مذہب حنفی کے مرجح، مفتی بہ،مختار اقوال فقہیہ سے استناد کیا گیا ہے نیز جوابات میں عبارات کی حسین تنظیم و ترصیع کا اہتمام بھی کیا گیا ہے گیا،المختصر یہ کہ فتاوی مسائل شرعیہ کا مجموعہ مستحسنہ مصدقہ موثقہ قابل استفادہ،سائلین و مجیبین بلکہ ہر خاص و عام سب کےلئے نعمت مشکورہ ہے۔
فقیر سہروردی کو یہ لکھتے ہوئےبڑی مسرت ہو رہی ہے کہ کتاب مسائل شریعہ کے حوالے سے کچھ ارقام کرنے کی سعادت اس ناکس کے کے حصے میں بھی آئی ہے اب اگر کتاب ھٰذا کے مرتب کے بارے میں کچھ نہ لکھا جائے تو یہ حق ناشناسی ہوگی اس لیے فقیر اپنے انداز و اسلوب میں چند کلمات اختصاراً مرتب صاحب کے متلعق بطور ذکر جمیل تحریر کرنے کی جسارت کر رہا ہے۔
معلوم ہونا چاہیے کہ تاج مولاناتاج محمد صاحب قبلہ واحدی قادری زید مجدہ سیدی ارشد ملت مد ظلہ العالی کے نامور خلفائےکرام میں سے ایک ہیں، آپ قابل ستائش خوش خلق خوش گفتار شگفتہ رو خنداں زن،ملنسار شریں زباں اور قدرے جلالی صفت کے ساتھ عمدہ واعظ و ناصح صاحب الدلائل مقرر و خطیب حاضر جواب مباحث و متکلم معتمد و معتبر لائق و فائق استاذ اور عالم دین ہونے کے ساتھ منکسرالمزاج، متواضع الطبع ہیں اور صوفیانہ اوصاف سےمتصف بھی ہیں اور تقریری تحریری تدریسی خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ آپ نے کئی فتاوی بھی تحریر کئے ہیں جو اکابرین کی تصحیح و تصدیق کے دستخط سے مزین ہیں، آپ کی شخصیت جامع الصفات جو بلا شبہ قابل رشک ہے،آپ تربیت افتا مسائل شرعیہ کے ایک بہترین مخلص رہنما اور ایک محتاط ذمہ دار عالم بھی ہیں۔
فتوی نویسی کوئی آسان بات نہیں بلکہ ایک امر مہم ہے جو بڑی ذمہ دار سے انجام پزیر ہوتا ہے اور اس سے بھی اہم کام فتوی کی اصلاح و تصدیق کرنا ہے،محترم تاج ملت قبلہ دور حاضر کو مد نظر رکھتےہوئے تربیت افتا میں تحریر کئے جانے والے فتاوی بڑی دقت نظری سے دیکھتے ہیں،پھر ان کی اصلاح کرکے تصدیق و توثیق کی مہر ثبت کرتے ہیں۔تربیت افتا میں ضرورت پڑنے پر مجیبین کو اپنے مربیانہ لب و لہجہ میں فتوی نویسی کے متعلق پند و نصائح بھی کرتے ہیں،آپ کی تربیت و نگرانی میں کئی مجیبین فتوی نویسی کی مشق کرکے منزل مقصود کو پہنچ چکے ہیں اور ابھی کئی زیر تعلیم و تربیت ہیں۔
یاد رہےکہ پیش نظر کتاب"فتاوی مسائل شرعیہ" در اصل محترم تاج ملت قبلہ کی شبانہ و روز کی کاوشوں اور نتائج افکار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حضرت تاج ملت قبلہ نے اپنے قیمتی اوقات فتاوی کی جمع و ترتیب،تنظیم و تدوین میں صرف کرکے افادۂ عوام کے لیے ایک خوبصورت فتاوی کا مجموعہ برادران اہلسنت کی نذر کیا جس بنا پر آپ ہر حال میں تحسین تبریک کے قابل ہیں۔
الحمدللہ اپنی معلومات کے مطابق حضرت تاج ملت قبلہ کے متعلق چند سطور تحریر کرنے کا اعزاز و شرف حاصل کیا،خدا نے چاہا تو مستقبل میں آپ کی شخصیت کے کئی گوشے شرح و بسط کے ساتھ اجاگر ہوں گے،دعا ہے کہ رب کائنات تاج ملت کو آسمان علم و فقہ کا ایسا اختر درخشاں اور نیر تاباں بنائے جس کی روشنی میں ہر خاص و عام رہنمائی حاصل کرکے شاد کام ہوتے رہیں، آمین
واضح رہے کہ مسائل شرعیہ جماعت کے بانی حضرت مولانا وسیم صاحب قبلہ جو ہمدرر قوم و ملت بھی ہیں اور ایک اچھے عالم دین ،مبلغ بااخلاق خوش کردار و گفتار ہنس مکھ اعلی ظرف شخصیت کے مالک ہیں اور مسائل شرعیہ کی ترویج و اشاعت میں ہمہ وقت کوشاں ہیں، جن کی نگرانی میں ازیں قبل "فتاوی مسائل شرعیہ" کی پانچ مجلدات بشکل پی ڈی ایف منصۂ شہود پر جلوہ گر ہو چکی ہیں جن سے عوام و خواص تاحال علمی استفادہ کر رہے ہیں،اور فی الحال اس سلسلے کی جلد ششم ہماری نگاہوں کے سامنے ہے جس سے ہم اور آپ علمی تشنگی بجھانے کے لیے تیار ہیں۔
اختتام پر فقیر سہروردی التماس ادعیہ وافرہ کے ساتھ بصد خلوص دعا گو ہے کہ رب کائنات خلاق دو عالم اپنے حبیب پاک صاحب لولاک سیاح افلاک تاجدار کائنات فخر موجودات سرور دو عالم ارواحنا فداہ صلی اللہ تعالٰی علیہ و آلہ و سلم کے صدقہ و طفیل کتاب فتاوی مسائل شرعیہ اور اس کے اراکین کو قبول عام و تام،مقبول انام بنائے،اور ہر خاص و عام کو فتاوی مسائل شرعیہ سے استفادہ کی توفیق بخشےخلیفۂ ارشد ملت حضرت مولانا تاج محمد صاحب قبلہ،بانی جماعت مسائل شرعیہ حضرت علامہ محمد وسیم صاحب،نیزجملہ مجیبین جماعت ھٰذا کو دارین کی نعمتوں سے مالامال فرمائے،اور ان کو حاسدین کے شر،ریب المنون ارضی و سماوی آفات و بلیات سے محفوظ مامون رکھے،اور ہم تمام کے ایمان و اسلام عزت و آبرو کی حفاظت صیانت فرمائے،جملہ اراکین مسائل شرعیہ کو تصنیفی،تعلیمی،فقہی اور تنظیمی نیز معاشرتی خدمات کی بیش از بیش توفیق سعید عطا فرمائے۔آمین ثم آمین یا رب العٰلمین بجاہ حبیبہ سیدالمرسلین صلوت اللہ علیہ و علی آلہ و صحبہ اجمعین برحمتک یا ارحم الرحمین
خیر اندیش و طالب دعا
فقیر سہروردی سید محمد نذیرالدین میاں نذیرالہاشمی سہروردی 
(قاضی شہر ضلع داہود شاہی دارالقضا و امین: آستانئہ عالیہ سہروردیہ غوثیہ داہود شریف گجرات)


ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only