بدھ، 18 مارچ، 2026

(قعدہ اولی میں قیام میں جاکر امام نے لقمہ لیاتونماز ہوئی؟)

 (قعدہ اولی میں قیام میں جاکر امام نے لقمہ لیاتونماز ہوئی؟)

الاستفتاء: علماء کرام کی باگاہ میں مسئلہ ذیل عرض ہے کی امام صاحب ظہر کی نماز میں قعدہ اولیٰ میں بیٹھنے کی بجائے اللہ اکبر کہتے ہوئے پورے کھڑے ہو گئے اور پیچھے سے کسی مقتدی نے اللہ اکبر کہا تو امام صاحب بیٹھ گئے پھر چوتھی رکعات کے قعدہ میں سجدہ سہو کرکے نماز پوری کی اب معلوم یہ کرنا ہے کہ نماز ہوئی یا دہرانا پڑے گی؟ تفصیل سے مسئلہ حل فرمائیں، عین نوازش ہوگی۔

(سائل محمد احمد، ایم پی

باسمه تعالیٰ وتقدس الجواب: صورتِ مسئولہ میں امام اور تمام مقتدیوں پر نماز دہرانا لازم ہے، کیونکہ جب امام قعدۂ اُولیٰ چھوڑ کر پورا کھڑا ہوگیا تو اس مرحلے پر مقتدی کا لقمہ بے محل تھا، اس لیے کہ پورا کھڑا ہونے کے بعد امام کو واپس لوٹنا جائز نہیں تھا۔ لہٰذا مقتدی کی نماز فاسد ہوگئی، اور جب امام اس کے لقمہ پر لوٹا، تو امام اور تمام مقتدیوں کی نماز بھی فاسد ہوگئی۔

   چنانچہ علامہ زین الدین ابن نجیم حنفی متوفی ۹۷۰ھ لکھتے ہیں: ولا يسبح للإمام إذا قام إلى الأخريين لأنه لا يجوز له الرجوع إذا كان إلى القيام أقرب فلم يكن التسبيح مفيدا كذا في البدائع وينبغي فساد الصلاة به لأن القياس فسادها به عند قصد الإعلام وإنما ترك للحديث الصحيح «من نابه شيء في صلاته فليسبح» فللحاجة لم يعمل بالقياس فعند عدمها يبقى الأمر على أصل القياس. (البحر الرائق، ۲/۸)

یعنی، اور امام آخری دو رکعتوں کے لیے کھڑا ہو جائے تو مقتدی امام کو لقمہ نہ دے کیونکہ امام جب قیام کے زیادہ قریب ہو جائے تو اس کے لیے واپس لوٹنا جائز نہیں ہوتا لہٰذا لقمہ دینے کا کوئی فائدہ نہیں اسی طرح ’’بدائع‘‘ میں ہے، اور چاہیے تو یہ تھا کہ اس تسبیح (لقمے) کی وجہ سے نماز فاسد ہوجائے کیونکہ قیاس کا تقاضہ یہی ہے کہ جب تسبیح سے مقصود امام کو اطلاع ہو تو نماز فاسد ہوجائے، لیکن اس قیاس کو صحیح حدیث کی وجہ سے چھوڑ دیا گیا ہے: «جس شخص کو نماز میں کوئی معاملہ پیش آئے تو وہ تسبیح کہے»، پس ضرورت کی بنا پر قیاس پر عمل نہیں کیا گیا۔ اور جب ضرورت موجود نہ ہو تو حکم اصل قیاس پر باقی رہے گا (یعنی نماز کے فاسد ہونے کا حکم برقرار رہے گا)والله تعالیٰ أعلم بالصواب

کتبہ

محمد اُسامہ قادری

منگل،۷/شعبان، ۱۴۴۷ھ۔۲۷/جنوری، ۲۰۲۶م

ایک تبصرہ شائع کریں

Whatsapp Button works on Mobile Device only